ابو ظہبی میں نایاب ’’سپر وائٹ‘‘ شاہین ایک کروڑ 89 لاکھ روپے میں فروخت

کامیاب بولی کے بعد خالد بن سیفان نے روایتی اماراتی شاعری کا شعر پڑھ کر اپنی خوشی کا اظہار بھی کیا۔

August 17, 2026 · بام دنیا

ابو ظہبی میں نایاب ’’سپر وائٹ‘‘ شاہین کی نیلامی نے شائقین کی توجہ حاصل کرلی، جہاں یہ پرندہ ڈھائی لاکھ درہم میں فروخت ہوا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً ایک کروڑ 89 لاکھ روپے بنتے ہیں۔

ابو ظہبی کے ادنیک سینٹر میں منعقدہ بین الاقوامی نمائش کے دوران شاہین کی نیلامی ہوئی۔ اماراتی بولی دہندہ خالد بن سیفان نے ایک ہی بار میں بولی 2 لاکھ 10 ہزار درہم سے بڑھا کر ڈھائی لاکھ درہم کردی اور نایاب شاہین خرید لیا۔

کامیاب بولی کے بعد خالد بن سیفان نے روایتی اماراتی شاعری کا شعر پڑھ کر اپنی خوشی کا اظہار بھی کیا۔

نیلامی میں مجموعی طور پر 7 نایاب پرندے پیش کیے گئے تھے، تاہم ’’سپر وائٹ جیر‘‘ سب سے زیادہ قیمت میں فروخت ہونے والا شاہین رہا۔

منتظمین کے مطابق نیلامی میں خریدے گئے شاہینوں کو ’’ایڈی ہیکس بیج‘‘ حاصل کرنے کا موقع ملے گا، جس کے ذریعے وہ 2026-27 کے سیزن میں ہونے والے پریذیڈنٹ کپ فالکنری مقابلے میں شرکت کرسکیں گے۔

نمائش کی مرکزی سرگرمیاں 28 اگست سے 6 ستمبر تک جاری رہیں گی۔ اس دوران 8 مختلف نیلامیاں منعقد ہوں گی، جن میں شرکا آن لائن اور بالمشافہ دونوں طریقوں سے بولی لگا سکیں گے۔