پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے دوسرے روز بھی جاری
پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے اور پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔احتجاجی دھرنے سے خطاب
پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاجی دھرنے ملک کے مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی جاری ہیں۔ لاہور میں چیئرنگ کراس مال روڈ پر وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر کارکنان احتجاجی کیمپ میں موجود ہیں۔
کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی گورنر ہاؤسز کے باہر جماعت اسلامی کے کارکنان نے دھرنے دے رکھے ہیں، جہاں دوسرے روز بھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ روز جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے لاہور میں احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے اور پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاجی دھرنے جاری رکھے جائیں گے۔
جماعت اسلامی کا مؤقف ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی بوجھ عوام کے لیے مشکلات میں اضافہ کر رہا ہے، اس لیے حکومت کو فوری طور پر عوامی مطالبات پر توجہ دینی چاہیے۔