اسلامی یونیورسٹی کے 3 نائب صدور کی تعیناتیاں ہائیکورٹ میں چیلنج
درخواست میں ریسرچ اینڈ انٹرپرائز، انتظامی و مالی امور اور تعلیمی امور کے تین نائب صدور کی تعیناتیوں پر اعتراض اٹھایا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی کے تین نائب صدور کی تعیناتیوں کو چیلنج کردیا گیا ہے۔ عدالت نے درخواست پر اسلامی یونیورسٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
درخواست میں ریسرچ اینڈ انٹرپرائز، انتظامی و مالی امور اور تعلیمی امور کے تین نائب صدور کی تعیناتیوں پر اعتراض اٹھایا گیا ہے۔
جسٹس ایاز شوکت نے شہری جاوید اختر کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار کی جانب سے وکیل آکاش تارا عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت پہلے ہی اسلامی یونیورسٹی کو ہدایت دے چکی ہے کہ تعیناتیوں کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے، تاہم موجودہ تقرریوں میں مقررہ طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق نائب صدور کی تعیناتی کھلے میرٹ کی بنیاد پر ہونی چاہیے تھی، لیکن یونیورسٹی نے اپنے ہی فیکلٹی ممبران میں سے تقرریاں کیں اور اس مقصد کے لیے اپنا طریقہ کار اختیار کیا۔
سماعت کے دوران جسٹس ایاز شوکت نے استفسار کیا کہ آیا بورڈ آف گورنرز نے اپنے اختیارات متعلقہ کمیٹی کو منتقل کیے ہیں یا نہیں۔ عدالت نے اس معاملے کو بھی واضح کرنے کی ہدایت کی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی کو دو ہفتوں کے اندر جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔