ترکیہ، میچ کے بعد فٹبال کا میدان میدانِ جنگ بن گیا، کھلاڑیوں میں تصادم، ویڈیو وائرل

نٹرکانٹینینٹل ڈربی میں گالاتاسرائے نے فینرباہچے کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی

October 28, 2026 · اسپورٹس
ترکیہ، میچ کے بعد فٹبال کا میدان میدانِ جنگ بن گیا، کھلاڑیوں میں تصادم، ویڈیو وائرل

ترکیہ، میچ کے بعد فٹبال کا میدان میدانِ جنگ بن گیا، کھلاڑیوں میں تصادم، ویڈیو وائرل

ترکیہ کی فٹبال سپر لیگ میں گالاتاسرائے اور فینرباہچے کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کے بعد میدان میں کشیدگی پھیل گئی، جہاں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آپس میں الجھ پڑے۔ ہاتھا پائی کے مناظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق انٹرکانٹینینٹل ڈربی میں گالاتاسرائے نے فینرباہچے کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ میچ کے اختتام پر فینرباہچے کے کھلاڑیوں میں غصہ دیکھا گیا، جس کے بعد مخالف ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوگئی اور صورتحال ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔

رپورٹس کے مطابق فینرباہچے کے کھلاڑی کریم آکتوراوغلو اور گالاتاسرائے کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ اس موقع پر گالاتاسرائے کے کپتان عبدالکریم بردقجی نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو جھگڑے سے دور کرنے کی کوشش کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے۔

واقعے کے دوران مڈفیلڈر ماتیو گینڈوزی اور گالاتاسرائے کے ایک اہلکار کے درمیان بھی جھڑپ کی اطلاعات سامنے آئیں۔ حالات مزید کشیدہ ہونے پر دیگر کھلاڑی اور اسٹیڈیم کی سیکیورٹی بھی میدان میں پہنچ گئی۔

اسی دوران ایک اور جھڑپ میں انگلش فٹبالر آرچی براؤن نے مبینہ طور پر گالاتاسرائے کے کپتان عبدالکریم بردقجی کو بازوؤں میں جکڑ لیا، جس کے بعد انہیں کھینچ کر زمین پر گرا دیا گیا۔

میچ کے بعد پیش آنے والے ان واقعات نے ترکیہ کی فٹبال میں حریف ٹیموں کے درمیان شدید رقابت کو ایک بار پھر نمایاں کر دیا ہے۔ تاہم واقعے کے حوالے سے ممکنہ تادیبی کارروائیوں کی تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔