اسلام آباد سے تفریح کیلئے کوئٹہ گئے خاندان پر فائرنگ، 2 بچیاں شہید
گلستان کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو بچیوں کی جان چلی گئی۔
کوئٹہ: اسلام آباد سے تفریح کے لیے کوئٹہ آنے والی ایک فیملی مبینہ طور پر قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں فائرنگ کا نشانہ بن گئی، جس کے نتیجے میں دو بچیاں شہید ہوگئیں۔
متاثرہ خاندان کے مطابق وہ تفریح کے لیے کوئٹہ آیا تھا کہ گلستان کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو بچیوں کی جان چلی گئی۔
دوسری جانب حکام کے مطابق ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے سیگی میں بھی ایک گاڑی پر مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں دو خواتین جاں بحق جبکہ ایک شخص، اس کی اہلیہ اور بیٹی زخمی ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ رشتہ داروں سے ملاقات کے بعد واپس جا رہا تھا۔ حملہ آوروں نے ڈرائیور کو گاڑی روکنے کا اشارہ کیا، تاہم گاڑی نہ روکنے پر فائرنگ کر دی۔
لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال عبدالرحمان زئی منتقل کردیا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تاحال کسی ملزم کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی۔
متاثرہ خاندان اور شہریوں نے ڈی آئی جی، ڈی پی او قلعہ عبداللہ اور ضلعی انتظامیہ سے واقعے کا فوری نوٹس لینے، ملزمان کو گرفتار کرنے اور خاندان کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔