غزہ پر حملے روکنے کا ٹرمپ کا اسرائیل سے مطالبہ قابل تحسین ہے، حماس

قاہرہ میں جیرڈ کشنر سے ہونے والی حالیہ ملاقات خلیل الحیہ کی ان سے دوسری ملاقات ہے۔

August 17, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

قاہرہ:فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کا کہنا ہے کہ غزہ پر حملے روکنے کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اسرائیل سے مطالبہ قابل تحسین ہے، غزہ میں جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے صدر ٹرمپ کے اقدامات کو سراہتے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کے سربراہ خلیل الحیہ نے اتوار کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں امریکی نمائندے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر سے ملاقات کی، جس کے بعد وہ غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں ایک اہم کردار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

قاہرہ میں جیرڈ کشنر سے ہونے والی حالیہ ملاقات خلیل الحیہ کی ان سے دوسری ملاقات ہے۔ اس سے قبل اکتوبر 2025 میں الحیہ نے کشنر اور امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف کے ساتھ مذاکرات میں حماس کے وفد کی قیادت کی تھی، جن کے نتیجے میں جنگ بندی اور 2023 میں حماس کے حملے کے دوران یرغمال بنائے گئے افراد کی رہائی کا معاہدہ طے پایا تھا۔

خلیل الحیہ کو جولائی 2026 میں حماس کا مجموعی سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ وہ 2025 میں قطر پر ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے میں بال بال بچ گئے تھے، تاہم حملے میں ان کے بیٹے اور دیگر معاونین شہید ہوگئے تھے۔