آزاد کشمیر میں زمین کے تنازع پر خونریز تصادم،6 افراد جاں بحق
25 گھر اور 30 دکانیں نذرِ آتش کر دی گئیں
آزاد کشمیر سے ایک انتہائی افسوسناک اور خوفناک خبر سامنے آئی ہے، جہاں مظفرآباد کے حلقہ پانچ کھاوڑا کے گاؤں کوٹ ترالہ میں زمین کے تنازع پر دو فریقین کے درمیان ہونے والے خونریز تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق تصادم کے دوران 25 گھروں اور 30 دکانوں کو نذرِ آتش کیے جانے کی اطلاع ہے، جبکہ علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ بعض گھروں پر سیاسی جماعت کے جھنڈے بھی آویزاں ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
سینیئر صحافی خواجہ کاشف میر کے مطابق سابق چیف جسٹس آزاد کشمیر ہائی کورٹ صداقت حسین راجہ نے فریقین کے درمیان ثالثی کرتے ہوئے وقتی طور پر امن قائم کرا دیا ہے۔
تاہم علاقے میں ہونے والا جلاؤ گھیراؤ اور بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان پہنچانے کی کارروائی انتہائی تشویشناک قرار دی جا رہی ہے۔ مقامی سطح پر کشیدگی کے خاتمے اور صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔