راولپنڈی اسلام آباد میں موسلا دھار بارش،رین ایمرجنسی نافذ
راولپنڈی میں شمس آباد کے مقام پر سب سے زیادہ 115 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں بھی نمایاں بارش ہوئی۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل دوسرے روز بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ نے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی میں شمس آباد کے مقام پر سب سے زیادہ 115 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں بھی نمایاں بارش ہوئی۔
بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بھی بلند ہوگئی ہے۔ حکام کے مطابق کٹاریاں اور گوالمنڈی کے مقامات پر پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جاسکے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر واسا کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ رین ایمرجنسی کے تحت فیلڈ اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے عملے اور بھاری مشینری کو مختلف مقامات پر تعینات کردیا گیا ہے۔
واسا حکام کے مطابق لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ، ڈھوک کھبہ، سرکلر روڈ اور صادق آباد سمیت دیگر نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے بھاری مشینری موجود ہے۔
ایم ڈی واسا راولپنڈی بھی فیلڈ میں موجود ہیں اور نکاسی آب کے آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔ نالہ لئی سمیت شہر کے دیگر نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے تاکہ پانی کی سطح میں اضافے کی صورت میں فوری اقدامات کیے جاسکیں۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد کے سیدپور میں 3 ملی میٹر، گولڑہ میں 22 ملی میٹر، بوکرہ میں 59 ملی میٹر، پی ایم ڈی میں 47 ملی میٹر، جبکہ راولپنڈی کے شمس آباد میں 115 ملی میٹر، کچہری میں 26 ملی میٹر، پیرودھائی میں 72 ملی میٹر اور گوالمنڈی میں 59 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نیو کٹاریاں میں 64 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
مسلسل بارش کے باعث شہری انتظامیہ اور واسا کی جانب سے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واسا نے اپیل کی ہے کہ نالوں اور گٹروں میں کچرا نہ پھینکا جائے اور گٹروں کے ڈھکن نہ کھولے جائیں تاکہ نکاسی آب کا نظام متاثر نہ ہو۔
حکام کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔