عمران خان کی اسپتال منتقلی کا حکم، اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب

اجلاس میں متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہیں، جہاں عمران خان کی اسپتال منتقلی کے دوران سیکیورٹی اور امن و امان سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

August 18, 2026 · اہم خبریں

سپریم کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو نجی اسپتال منتقل کرنے کے حکم کے بعد وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی انتظامات کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہیں، جہاں عمران خان کی اسپتال منتقلی کے دوران سیکیورٹی اور امن و امان سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے تحریری احکامات موصول ہونے کے بعد سیکیورٹی پلان پر باقاعدہ عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔ اس حوالے سے مختلف اداروں کے درمیان رابطہ بھی کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سب جیل سے متعلق ضروری نوٹیفکیشن بھی جاری کیے جانے کا امکان ہے، تاکہ عدالت کے حکم پر عملدرآمد کے لیے قانونی اور انتظامی اقدامات مکمل کیے جاسکیں۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی سے اہل خانہ کی ملاقاتوں اور ذاتی معالجین تک رسائی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے عمران خان کو آئندہ سماعت تک اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان اور ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان کو بھی ان سے ملاقات کی اجازت دینے کی ہدایت کی ہے۔

سپریم کورٹ نے عمران خان کے علاج اور طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی ہے، جبکہ ہسپتال منتقلی کے دوران سخت سیکیورٹی یقینی بنانے اور ہسپتال کے باہر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے پر بھی زور دیا ہے۔

عدالتی حکم کے بعد وفاقی دارالحکومت میں متعلقہ اداروں نے سیکیورٹی اور انتظامی امور کی تیاری شروع کردی ہے۔