لیاری گینگ وار کا مطلوب کمانڈر فیصل پٹھان ایران میں فائرنگ سے ہلاک

فیصل پٹھان کو ایرانی شہر چابہار میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ وہ کراچی کے علاقے لیاری کی چاکیواڑہ میں واقع ہزارہ کالونی کا رہائشی بتایا جاتا تھا۔

August 18, 2026 · قومی

کراچی: لیاری گینگ وار کے مطلوب کمانڈر فیصل پٹھان کے ایران میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق فیصل پٹھان کو ایرانی شہر چابہار میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ وہ کراچی کے علاقے لیاری کی چاکیواڑہ میں واقع ہزارہ کالونی کا رہائشی بتایا جاتا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل پٹھان ماضی میں رحمان ڈکیت اور بابا لاڈلا سے منسلک گروپوں کے ساتھ وابستہ رہا۔ دونوں کی ہلاکت کے بعد وہ عزیر بلوچ سے منسلک گروہ کا حصہ بن گیا تھا۔

کراچی آپریشن کے بعد فیصل پٹھان مبینہ طور پر پاکستان سے فرار ہو کر ایران منتقل ہوگیا تھا، جہاں سے وہ لیاری گینگ وار کے معاملات میں مبینہ طور پر سرگرم رہا۔

ذرائع کے مطابق فیصل پٹھان پر بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان سمیت مختلف سنگین جرائم کے مقدمات میں ملوث ہونے کے الزامات تھے۔ اس کا نام محکمہ انسداد دہشتگردی کی مطلوب افراد کی فہرست میں بھی شامل رہا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لیاری میں پولیس اہلکاروں پر حملوں سمیت متعدد سنگین مقدمات میں بھی فیصل پٹھان کو نامزد کیا گیا تھا۔

ایران میں فائرنگ کے واقعے کے محرکات اور اس میں ملوث افراد کے حوالے سے تاحال مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔