اسلام آباد میں بارش سے گھر کی چھت گر گئی، میاں بیوی جاں بحق

متاثرہ گھر کی چھت مٹی اور گارڈرز سے تعمیر کی گئی تھی۔ مسلسل بارش کے باعث چھت کمزور ہوئی اور بالآخر اچانک گر گئی۔

August 18, 2026 · قومی

اسلام آباد: مدینہ ٹاؤن میں شدید بارش کے باعث ایک گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق جبکہ 17 سالہ لڑکی زخمی ہوگئی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق حادثہ بارش کے دوران پیش آیا، جہاں گھر کی چھت اچانک منہدم ہوگئی۔ ملبے تلے دب کر میاں بیوی شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کی عمریں تقریباً 50 سے 60 سال کے درمیان تھیں۔ حادثے میں ایک 17 سالہ لڑکی بھی زخمی ہوئی، جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ گھر کی چھت مٹی اور گارڈرز سے تعمیر کی گئی تھی۔ مسلسل بارش کے باعث چھت کمزور ہوئی اور بالآخر اچانک گر گئی۔

حادثے کے بعد متعلقہ اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں مکمل کیں۔ انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات بھی جمع کی جا رہی ہیں۔

بارش کے باعث اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جبکہ انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔