سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد میں رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے:جنید اکبر

کارکنوں کو اسلام آباد یا ہسپتال کی جانب آنے کے بجائے اپنے گھروں میں رہنا چاہیے اور عمران خان کی صحت کے لیے دعا کرنی چاہیے۔

August 18, 2026 · قومی

 

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما اور رکن پارلیمان جنید اکبر نے سپریم کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے عدالتی حکم پر عملدرآمد میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں کریں گے۔

پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہا کہ تحریک انصاف اس بات کو یقینی بنائے گی کہ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے اطراف امن و امان کی صورتحال خراب نہ ہو۔

انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور عدالتی ہدایات کے مطابق پُرامن رویہ اختیار کریں۔

جنید اکبر کا کہنا تھا کہ کارکنوں کو اسلام آباد یا ہسپتال کی جانب آنے کے بجائے اپنے گھروں میں رہنا چاہیے اور عمران خان کی صحت کے لیے دعا کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا تمام کارکنوں کی ذمہ داری ہے، جبکہ تحریک انصاف ہسپتال منتقلی کے معاملے میں کسی قسم کی بدنظمی یا امن و امان کی خرابی نہیں چاہتی۔

پی ٹی آئی رہنما نے امید ظاہر کی کہ حکومت اور دیگر متعلقہ ادارے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنائیں گے، تاکہ عمران خان کو طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔