لاہور کے ریحان بٹ اور اسکے والد کو شہید قرار دینے والا شہری اٹھایا گیا
پولیس اہلکاروں کے بارے میں بھی متنازع الفاظ استعمال کیے تھے۔ اس بیان کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں رات گئے گھر سے حراست میں لے لیا۔
فیصل آباد: لاہور میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے بعد ریحان بٹ اور اس کے والد فیاض بٹ کو شہید قرار دینے والے شہری موسیٰ بٹ کو مبینہ طور پر فیصل آباد میں ان کے گھر سے حراست میں لے لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق موسیٰ بٹ نے سوشل میڈیا یا گفتگو کے دوران ریحان بٹ اور فیاض بٹ کو شہید قرار دیا تھا جبکہ پولیس اہلکاروں کے بارے میں بھی متنازع الفاظ استعمال کیے تھے۔ اس بیان کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں رات گئے گھر سے حراست میں لے لیا۔
موسیٰ بٹ کے بھائی عمر کے مطابق پولیس اہلکار انہیں یہ بتائے بغیر موسیٰ بٹ کو اپنے ساتھ لے گئے کہ انہیں کس مقدمے میں حراست میں لیا گیا ہے اور کہاں منتقل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران پولیس کی گاڑیاں بھی علاقے میں موجود تھیں، جبکہ واقعے کی مبینہ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور میں حالیہ دنوں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے واقعات کے بعد ریحان بٹ اور اس کے والد فیاض بٹ کا نام بھی سامنے آیا تھا۔ بعد ازاں دونوں کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
موسیٰ بٹ کی حراست کے معاملے پر پولیس کی جانب سے تاحال باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔ پولیس کا مؤقف سامنے آنے کے بعد شہری کو حراست میں لینے کی وجوہات اور قانونی کارروائی سے متعلق مزید تفصیلات واضح ہوسکیں گی۔