وزیراعظم نے پاکستان میں گوگل کے آفس کا افتتاح کردیا
پاکستان میں بڑے ڈیجیٹل پروگرامز کو مزید وسعت دی جائے گی، گوگل
اسلام آباد: گوگل نے پاکستان میں اپنا باقاعدہ دفتر کھول دیا۔ اسلام آباد سے گوگل کے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گوگل کے پاکستان میں دفتر کا افتتاح کیا۔
گوگل کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان میں دفتر کے قیام کے بعد بڑے ڈیجیٹل پروگرامز کو مزید وسعت دی جائے گی، پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے گوگل نے حکومتی اور ٹیکنالوجی شراکت داروں سے تعاون بڑھانے کا بھی اعلان کیا۔
بیان کے مطابق گوگل نے پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کو علاقائی ٹیکنالوجی اور برآمدی مرکز بنانے کیلئے گوگل معاونت جاری رکھے گا۔
گوگل کے مطابق 2022 سےگوگل پاکستان میں 3 لاکھ 50 ہزار کیریئر سرٹیفکیٹ اسکالرشپس دے چکا ہے، 80 فیصد سے زائد اسکالرشپ گریجویٹس نے 6 ماہ میں نئی ملازمت یا کاروباری ترقی حاصل کی۔ گوگل ڈیولپر گروپس کے ذریعے پاکستان میں 3 لاکھ ڈیولپرز تک رسائی حاصل کی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق اے آئی سیکھو پروگرام کے ذریعے 50 ہزار ڈیولپرز کو جنریٹو اے آئی اور گوگل کلاؤڈ کی تربیت دی گئی، گوگل کے تھنک ایپس اور ایپ ڈیزائن ماسٹر کلاسز سے 120 پاکستانی گیمنگ اور ایپ اسٹوڈیوز مستفید ہوئے۔
کلسٹر ڈائریکٹر گوگل فرحان قریشی نے کہا گوگل کے دفتر کے قیام کا مقصد پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل اور باصلاحیت افرادی قوت پر اعتماد کا اظہار ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں گوگل کی موجودگی ڈیجیٹل تبدیلی کا عمل تیز کرے گی، گوگل کی مقامی موجودگی، طویل مدتی شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد دے گی۔