ٹک ٹاک پر دوستی، لاہور سے دنیاپور پہنچنے والی لڑکی بحفاظت والدین کے حوالے
سوشل میڈیا پر جھوٹی محبت، دنیاپور پولیس نے تنہا لڑکی کو بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا
ڈی پی او بینش فاطمہ لیڈی سب انسپکٹر حرا ذوالفقار کو تعریفی سرٹیفکیٹ دے رہی ہیں
سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر ہونے والی دوستی لاہور کی رہائشی لڑکی کو دنیاپور لے آئی جہاں سٹی دنیاپور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کو بحفاظت تحویل میں لے کر والدین کے حوالے کر دیا۔
لاہور سے تعلق رکھنے والی لڑکی کی ٹک ٹاک پر دنیاپور کے ایک نوجوان سے دوستی محبت میں بدل گئی، جس کے بعد وہ والدین کو بتائے بغیر نوجوان سے ملنے دوکوٹہ چوک دنیاپور پہنچ گئی۔ تشویشناک امر یہ سامنے آیا کہ لڑکی کے پہنچتے ہی نوجوان نے اپنا موبائل فون بند کر دیا اور اسے تنہا چھوڑ دیا۔ دوکوٹہ چوک میں اکیلی لڑکی کی موجودگی کی اطلاع پر سٹی دنیاپور پولیس نے فوری رسپانس دیتے ہوئے لڑکی کو حفاظتی تحویل میں لے لیا۔
پولیس نے جب لڑکی کے اہل خانہ سے رابطہ کیا تو انکشاف ہوا کہ پریشان حال والدین بیٹی کی گمشدگی کی اطلاع پہلے ہی لاہور پولیس کو دے چکے تھے۔ دنیاپور پولیس نے فوری طور پر والدین کو دنیاپور طلب کیا اور قانونی کارروائی کے بعد بیٹی کو باحفاظت ان کے سپرد کر دیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لودھراں بینش فاطمہ نے بروقت کارروائی پر لیڈی سب انسپکٹر حرا ذوالفقار کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام سے نوازا۔ اس موقع پر ڈی پی او بینش فاطمہ کا کہنا تھا کہ والدین اپنے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور موجودہ ڈیجیٹل دور میں بچوں کو سوشل میڈیا کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔