اسلام آباد راولپنڈی میں موسلادھار بارش خطرناک، ٹریفک ایڈوائزی جاری، نالہ لئی بپھر گیا
راولپنڈی اور اسلام آباد میں اوسطاً 91.76 ملی میٹر بارش ریکارڈ، کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے 21 فٹ ہوگئی
راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے
راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش منگل اور بدھ کی درمیانی شب سے جاری ہے۔ پہلے ہی دو روز گھنٹوں طویل بارش ہوچکی تھی۔ تازہ بارش کے بعد نالہ لئی بپھر گیا جب کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی رفتار کم رکھیں اور آگے چلنے والی گاڑیوں سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں،اس کے علاوہ بارش میں فوگ لائٹس کا استعمال بھی ضرور کریں ۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے مزیدکہاگیا کہ اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے،اس لئے گاڑی و موٹرسائیکل کی رفتار آہستہ رکھیں اور آگے والی گاڑیوں سے فاصلہ رکھیں، ہمیشہ اپنی لین میں رہیں۔
ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق دوران ڈرائیونگ سائیڈ شیشوں، انڈیکیٹرز اور سیٹ بیلٹ کا استعمال لازمی کریں،موٹرسائیکل سوار انتہائی بائیں لین میں چلیں اور ہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں،اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی سہولت و آگاہی کے لئے سڑکوں پر موجود ہیں۔
ادھر راولپنڈی میں انتطامیہ کی جانب سے متاثرہ مقامات پر شہریوں کے لیے انخلا کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں اوسطاً 91.76 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ، سید پور 91، ایچ ایٹ 86 ،گولڑہ 88،بوکرہ 70 ،شمس آباد 66اور چکلالہ میں 48 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،راولپنڈی میں بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح 19 فٹ سے تجاوز کرگئی۔ کٹاریاں پل پر پانی 19.5 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 13 فٹ تک بلند ہوگیا۔اس موقع پر نالہ لئی سے ملحقہ نشیبی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے جب کہ فلڈ کنٹرول روم کے مطابق کٹاریاں کے اطراف نشیبی علاقوں میں الرٹ جبکہ گوالمنڈی میں پری الرٹ جاری کردیا گیا۔
راولپنڈی میں سید پور کے مقام پر 66، گولڑہ میں 52، بوکڑہ میں 65 اور پی ایم ڈی میں 58 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شمس آباد میں 48 اور کچہری میں 47 ملی میٹر بارش ہوئی۔اسی طرح پیر ودھائی میں 58، گوالمنڈی میں 6 اور نیو کٹاریاں میں 52 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث نالہ لئی میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی اور انخلا کا الرٹ جاری کیا گیا۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے پر اطراف میں خطرے کے سائرن بجادیے گئے۔ نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی جبکہ انتظامیہ اور امدادی ادارے بھی الرٹ کردیے گئے ہیں۔
بعد ازاں فلڈ کنٹرول روم نے اپ ڈیٹ جاری کی، جس کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 21.5 فٹ تک پہنچ گئی جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 16 فٹ ریکارڈ کی گئی اور اس میں مسلسل اضافہ جاری رہا۔رات ساڑھے 11 بجے شروع ہونے والے بارش کے سلسلے کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوئی اور صورتحال خطرناک ہوگئی۔ انتظامیہ اور امدادی اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رکھا گیا۔