جڑواں شہروں میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری، آبادیاں ڈوبنے کا خطرہ
کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوچکا۔ محکمہ موسمیات کی وارننگ کے بعد واسا اور ریسکیو کا عملہ مختلف مقامات پر تعینات
راولپنڈی میں بارش کے دوران گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئیں
محکمہ موسمیات نے راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت گردونواح کے علاقوں میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق بارش کے نئے سلسلے کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور مقامی برساتی نالوں بالخصوص نالہ لئی میں طغیانی کا شدید خدشہ ہے جس سے ملحقہ آبادیوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
راولپنڈی میں نالوں کے کنارے واقعہ کئی علاقوں میں پانی پہلے ہی گھروں میں داخل ہوچکا ہے۔ پانی سے ڈوبی گلیوں کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آرہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گوجر خان پر موجود فعال موسمیاتی نظام کے زیر اثر راولپنڈی، ٹیکسلا، واہ کینٹ، اٹک، جہلم، مری اور کلر سیداں میں تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ اس سے قبل گزشتہ رات جڑواں شہروں میں ہونے والی موسلادھار بارش کے دوران مختلف علاقوں میں ریکارڈ بارش ہوئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کچہری کے مقام پر سب سے زیادہ ایک سو پینتالیس ملی میٹر، شمس آباد میں ایک سو چھبیس اور پیرودھائی میں ایک سو بائیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
صورتحال کے پیش نظر واسا راولپنڈی نے شہر بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کر کے آپریشنل عملے کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ، ڈھوک کھبہ، سرکلر روڈ اور صادق آباد جیسے حساس اور نشیبی مقامات پر بھاری مشینری اور عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔ ادھر ریسکیو کے مطابق نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح بارہ فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر ساڑھے سولہ فٹ ہے جہاں پانی کے بہاؤ میں بتدریج کمی دیکھی جا رہی ہے، تاہم نالے کے اطراف الرٹ بدستور برقرار ہے۔
انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کی تنصیبات، کھمبوں اور برساتی نالوں سے دور رہیں۔ حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال یا ہنگامی مدد کے لیے فوری طور پر واسا ہیلپ لائن یا ریسکیو ون ون ٹو ٹو پر رابطہ کریں۔