حکومت نے عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ چیلنج کردیا

سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو شفاانٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی،یہ حکم اختیار سماعت سے تجاوز کرتا ہے، اس پرنظرثانی ہونی چاہیے، موقف

August 19, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی۔

نجی ٹی وی کے مطابق کمشنراسلام آباد نے ایڈووکیٹ جنرل کے توسط سے نظرثانی درخواست دائر کی۔

درخواست میں موقف اختیار کیاگیاکہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو شفاانٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی،یہ حکم اختیار سماعت سے تجاوز کرتا ہے، اس پرنظرثانی ہونی چاہیے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان پریزن رولز میں قیدی کو جیل سے باہر ہسپتال منتقل کرنے کا طریقہ کار موجود ہے،معاملہ پہلی بار سپریم کورٹ کے سامنے مقرر ہوا، متعلقہ فریقین کو باقاعدہ نوٹس جاری نہیں کیا گیا تھا، عدالت کو طبی ماہرین کی رائے لینے کے بعد فیصلہ کرنا چاہئے تھا صحت واقعی خراب ہوئی ہے یا نہیں ۔

یادرہے کہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑنے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے فیصلے پر سپریم کورٹ سے دوبارہ رجوع کیا جائے گاکہ باقی قیدی بھی بیمار ہیں ،بیمار قیدیوں کیلئے یہ پروٹوکول رہے گا یا بانی پی ٹی آئی کو یہ پروٹوکول دیا جائے گا، کہ ان کو پرائیویٹ ہسپتال میں علاج کروانے کی اجازت ہے۔