نواز شریف نے آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ٹکٹ جاری کر دیے

مخصوص نشستوں کے لیے مریم زمان،مریم ادریس،سحرش قمر،رفعت عابد کو ٹکٹ جاری کیے گئے ۔

August 19, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مری : مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لیے ٹکٹ جاری کر دیے۔صدر ن لیگ نواز شریف نے مخصوص نشستوں پر نامزدگی کی منظوری دی۔

یاد رہے کہ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پولنگ 24 اگست کو ہو گی۔

سینئروزیرپنجاب مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پارٹی ٹکٹ پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں جاری کیے گئے،مخصوص نشستوں کے لیے مریم زمان،مریم ادریس،سحرش قمر،رفعت عابد کو ٹکٹ جاری کئے گئے ۔

اسی طرح اوورسیز پاکستانیوں کی نشست کے لیے عبد الرحمٰن اور ٹیکنو کریٹ پر افتخار علی گیلانی کو ٹکٹ جاری ہوا۔

الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے نوٹیفکیشن کے مطابق مخصوص نشستوں میں خواتین کی 5، علما و مشائخ، اوورسیز کشمیریوں اور ٹیکنوکریٹس و دیگر پروفیشنلز کی ایک ایک نشست شامل ہے۔

شیڈول کے مطابق امیدوار 20 اگست کو صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے، جبکہ اسی روز کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد درست امیدواروں کی فہرست جاری کر دی جائے گی۔

کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور کیے جانے کے خلاف اپیلیں 21 اگست کو دائر کی جاسکیں گی، جن پر الیکشن کمیشن 22 اگست کو فیصلے کرے گا۔ امیدوار 23 اگست کو دوپہر 2 بجے تک کاغذات واپس لے سکیں گے، جس کے بعد حتمی فہرست جاری ہو گی۔

مخصوص نشستوں پر پولنگ 24 اگست کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ہال، بلاک نمبر 12، سول سیکرٹریٹ چتر کلاس مظفرآباد میں ہو گی۔