اسرائیلی فوج کا غزہ پولیس کی چیک پوسٹ پر حملہ؛ 9 فلسطینی شہید ، 15 زخمی

اسرائیل جان بوجھ کر پولیس فورس کو نشانہ بنا رہا ہے ، غزہ کی وزارت داخلہ

August 19, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

غزہ: اسرائیلی فوج کے طیاروں نے غزہ میں شہری پولیس کے ایک مرکز پر بلاجواز بمباری کی جس میں 9 فلسطینی شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔

غزہ کی وزارت داخلہ نے اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اسرائیل جان بوجھ کر پولیس فورس کو نشانہ بنا رہا ہے تاکہ محصور علاقے میں بدامنی اور افراتفری پھیلائی جاسکے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار جنگ کے دوران شہریوں کی حفاظت اور بنیادی نظم و نسق برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں دہشت گرد عناصر کو نشانہ بنایا گیا جو اسرائیلی سرزمین اور یہودی آبادکاروں پر حملے میں ملوث رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اسرائیلی حکام غزہ میں حماس کے زیر انتظام پولیس فورس کے بعض اہلکار کو مسلح تنظیم سے وابستہ قرار دیتے رہے ہیں جبکہ فلسطینی حکام پولیس کو بنیادی طور پر شہری نظم و نسق برقرار رکھنے والی فورس قرار دیتے ہیں۔

گزشتہ دنوں بھی غزہ شہر میں اسرائیلی ڈرون حملے میں پولیس سربراہ جمال ابو کمیل شہید ہوگئے تھے جبکہ خان یونس میں ایک اور حملے میں ایک فلسطینی جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا تھا۔