ڈیزل کی قیمت میں آج 30 سے 32 روپے تک کمی جائے گی ، حکومت نے خوشخبری سنا دی

جنگ کی وجہ سے جن مسائل کا سامنا ہے، ان کا حکومت کو احساس ہے، علی پرویز ملک

August 19, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے عوام کو خوشخبری سنائی ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے، جس کا اعلان آج کر دیا جائےگا۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ خطے میں جنگ کی وجہ سے جس قسم کے مسائل اور تکلیف ہمارے معاشرے کے اندر آئی ہوئی ہے، حکومت کو اس کا پوری طرح احساس ہے، اس تکلیف کو مدھم کرنے کے لیے حکومت اپنے محدود وسائل کے اندر جو بھی کوشش کرسکتی ہے، وزیراعظم شہبازشریف ایک منٹ ضائع کیے بغیر اس کے لیے احکامات جاری کرتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ عوام کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے ریلیف دیا گیا ہے، جبکہ حکومت نے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا،کہ دنیا کے بے شمار ممالک کو مشکلات کا سامنا ہے، حتیٰ کہ ڈیزل پیدا کرنے والے ملک روس کو بھی مشکلات درپیش ہیں۔

وفاقی وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آئل ریفائنریز کے حکام کے ساتھ دو تین نشستیں ہوئیں، جس کے بعد آئل ریفائنریز نے ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فیصلہ کیا ہے، ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لٹر تک کمی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں جلد بڑی کمی متوقع ہے اور اوگرا آج ہی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا  تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آج ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں وزیر پٹرولیم اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ موجودہ مشکل حالات میں جہاں تک ممکن ہو عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے، وزیراعظم کو عوام کو درپیش مشکلات کا مکمل احساس ہے اور انہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی عوام کو سبسڈی فراہم کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ خطے میں جنگ کے باعث دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، تاہم حکومت عوام پر اس کے اثرات کم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

عطا تارڑ نے مزید بتایا کہ اوگرا کی جانب سے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا جائے گا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں عوام کیلئے مزید خوشخبریاں سامنے آئیں گی۔