اسلام آباد: گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کا نیٹ ورک بے نقاب،معروف ہسپتال کا مالک گرفتار

معاملے کی گہرائی سے تفتیش جاری، 6 ملزمان پہلے ہی زیر حراست ہیں، ایف آئی اے

August 19, 2026 · قومی
ڈاکٹر شوکت بنگش

ڈاکٹر شوکت بنگش

اسلام آباد: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے غیر قانونی اور تجارتی بنیادوں پر انسانی گردوں کی پیوند کاری میں ملوث بین الاضلاعی نیٹ ورک کے خلاف ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ تفتیش میں اہم پیش رفت کے نتیجے میں قائد اعظم انٹرنیشنل ہسپتال کے مالکانہ حقوق رکھنے والے سی ای او ڈاکٹر شوکت بنگش کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر شوکت بنگش پر ہسپتال میں غیر قانونی کڈنی ٹرانسپلانٹ کی سرگرمیوں کو منظم کرنے، سہولت کاری فراہم کرنے اور اس گھناؤنے کاروبار میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کا سنگین الزام ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق اس کیس میں شامل چھ ملزمان کو پہلے ہی حراست میں لیا جا چکا ہے، جن میں کڈنی ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹر نادر اور ٹرانسپلانٹ کوآرڈینیٹر عدیل شیرازی شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں اسلام آباد ہائی کورٹ سے پہلے ہی مسترد ہو چکی ہیں۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ معاملے کی گہرائی سے تفتیش جاری ہے تاکہ ہسپتال انتظامیہ اور اس نیٹ ورک میں شامل دیگر تمام کرداروں کا تعین کر کے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ گرفتار ملزم ڈاکٹر شوکت بنگش کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔