عمران خان کو آج رات تک ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا تو عدالت سے رجوع کیا جائے گا: پی ٹی آئی
آج رات 11 بج کر 59 منٹ تک منتقل نہ کیا گیا تو عدالت خود توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کر سکتی ہے، بیان
فائل فوٹو
اسلام آباد:پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کو رات 12 بجے تک ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا تو اس کے خلاف پی ٹی آئی عدالت جائے گی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے میڈیا کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ سابق وزیرِ اعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کو دو دن کے اندر اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا تاہم، اس حکم پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر انھیں آج رات 11 بج کر 59 منٹ تک منتقل نہ کیا گیا تو عدالت خود توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کر سکتی ہے، اور ایسا کرنا بجا ہو گا۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اگر سپریم کورٹ ایسا نہیں کرتی تو ان کی قانونی ٹیم نے ایک درخواست تیار کر رکھی ہے جو کل صبح دائر کی جائے گی۔
اس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی رہنما عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ’عمران خان کو فی الفور شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنا ہو گا۔‘