لاہور:موٹر سائیکل سوار پر ڈندے برسانے والا مرکزی ملزم ساتھی سمیت گرفتار

واردات میں استعمال ہونے والا ڈبل کیبن ڈالا، ڈنڈے اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد

August 20, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خونی تشدد کی ویڈیو کا ڈراپ سین کر دیا۔ موٹر سائیکل سوار شہری پر بے دردی سے ڈنڈے برسانے والے مرکزی وحشی ملزم کو اس کے ساتھی سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک ڈبل کیبن ڈالے میں سوار بااثر افراد کو سڑک کے بیچوں بیچ ایک بے گناہ موٹر سائیکل سوار کو روک کر اس پر شدید تشدد کرتے اور ڈنڈے برساتے دیکھا جا سکتا تھا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے لاہور پولیس نے فوری طور پر سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور جدید سیف سٹی ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔

پولیس کی خصوصی ٹیم نے کامياب چھاپہ مار کر مرکزی ملزم ازہان الرحمٰن اور اس کے ساتھی فہد خان کو حراست میں لے لیا۔ کارروائی کے دوران واردات میں استعمال ہونے والا ڈبل کیبن ڈالا، ڈنڈے اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر کے قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ قانون سے بالاتر کوئی نہیں، اور شہریوں کے جان و مال پر حملہ کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔