سپریم کورٹ: نور مقدم قتل کیس، مجرم ظاہر جعفر کی نظرثانی درخواست خارج کرنے کا فیصلہ جاری
ریکارڈ سے ثابت ہوتا ہے کہ مجرم انتہائی سنگین جرم کا مرتکب ہوا، تحریری فیصلہ
فائل فوٹو
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نور مقدم قتل کیس میں مجرم ظاہر جعفر کی سزائے موت پر نظر ثانی درخواست خارج کرنے کا فیصلہ جاری کردیا، جسٹس اشتیاق ابراہیم نے 12 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ مجرم ظاہر جعفر نے ذہنی مریض ہونے کی بنیاد پر سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرنے کی استدعا کی، ظاہر جعفر نے ایسے شواہد پیش نہیں کیے جن کی بنیاد پرعدالت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے، ریکارڈ سے ثابت ہوتا ہے کہ مجرم انتہائی سنگین جرم کا مرتکب ہوا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا کہ مجرم کا جرم ایسا نہیں تھا کہ اس کی سزا میں کمی کی جا سکے، نظر ثانی میں عدالت کا دائرہ اختیار انتہائی محدود ہوتا ہے، نظر ثانی کی درخواست کو اپیل کے طور پر نہیں لیا جا سکتا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ اسلام نے خواتین کو بے حد تحفظ اور احترام فراہم کیا ہے، خواتین کو تشدد اور عدم تحفظ کا شکار کرنا شرعی اور دنیاوی قوانین کے خلاف ہے۔
خیال رہے کہ ٹرائل کورٹ نے ظاہرجعفر کو نور مقدم سے زیادتی اور قتل کے جرم میں سزائے موت سنائی تھی، اسلام آباد ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ نے ظاہرجعفر کی سزائے موت کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔
20 جولائی2021ء کو عیدالاضحیٰ کے روز اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون میں نور مقدم کے بہیمانہ قتل نے انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔
پولیس نے تفتیش شروع کی تو معلوم ہوا کہ مرکزی ملزم ظاہرجعفر واقعے سے قبل اپنے والدین ذاکر جعفر اور عصمت آدم جی سے مسلسل رابطے میں رہا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے والدین نے پولیس کو اطلاع دینے کی بجائے تھراپی ورکس سے رابطہ کیا، تھراپی ورکس کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچی تو ملزم ظاہر جعفر نے مبینہ طور پر تھراپی ورکس کے ملازم امجد کو چاقو کے وار کر کے زخمی کر دیا، پولیس کے پہنچنے تک نور مقدم کا قتل ہو چکا تھا اور مقتولہ کی سربریدہ لاش وہاں موجود تھی۔
پولیس نے ملزم کو خون آلودہ قمیض میں گرفتار کر کے جائے وقوع سے آلۂ قتل بھی برآمد کیا۔
شواہد چھپانے اور جرم میں معاونت کے الزام میں پولیس نے قتل کے 5 روز بعد 25 جولائی کو ظاہر جعفر کے والدین ذاکر جعفر اور عصمت آدم جی سمیت دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں نورمقدم کو پہلی منزل سے چھلانگ لگا کر زخمی حالت میں گھر سے نکلنے کی کوشش کرتے اور ظاہر جعفر کو دست درازی کرتے دیکھا گیا۔
فوٹیج میں ملزم کے ملازمین بھی نظر آئے جنہوں نے کسی موقع پر ملزم کو روکنے یا نور مقدم کو بچانے کی کوشش نہیں کی۔
کیس کا باقاعدہ ٹرائل 20 اکتوبر 2021ء سے شروع ہوا اور 25 سماعتوں پر مشتمل رہا۔
نور مقدم قتل کیس کا اسپیڈی ٹرائل 4 ماہ 8 دن جاری رہا،جس کے دوران 19 گواہان کے بیانات قلم بند ہوئے۔
پہلی پیشی سے ہی ملزم کبھی پولیس اور کبھی عدالت کے جج سے الجھتا اور کمرۂ عدالت میں عجیب و غریب حرکتیں کرتا رہا۔
دورانِ سماعت مرکزی ملزم نے خود کو ذہنی مریض ثابت کرنے کے لیے ہر حربہ آزمایا، پولیس بھی ملزم کو کبھی اسٹریچر تو کبھی وہیل چیئر پر عدالت لاتی رہی۔