وزیراعظم شہباز شریف کی بیرسٹر گوہر خان سے ملاقات، والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت

بیرسٹر گوہر خان کے گھر جا کر بھی ان سے تعزیت کریں گے ، وزیر اعظم

August 20, 2026 · قومی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی ہال میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کی نشست پر جا کر ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بیرسٹر گوہر خان سے ان کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس افسوسناک خبر پر انتہائی دکھ ہوا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ بیرسٹر گوہر خان کے گھر جا کر بھی ان سے تعزیت کریں گے۔

اس موقع پر بیرسٹر گوہر خان نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے تعزیت اور ہمدردی کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے قومی اسمبلی ہال میں دیگر اراکین پارلیمنٹ نے بھی مصافحہ کیا اور مختلف امور پر مختصر گفتگو کی۔