بنگلادیش: بی این پی کے سینیئر رہنما مرزا فخر الاسلام ملک کے نئے صدر منتخب

مرزا عالمگیر اب سربراہِ مملکت اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے فرائض انجام دیں گے، ملک کے انتظامی اختیارات بدستور وزیراعظم اور کابینہ کے پاس ہی رہیں گے۔

August 20, 2026 · بام دنیا
مرزا فخر الاسلام عالمگیر

مرزا فخر الاسلام عالمگیر

ڈھاکا: حکمران جماعت بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے سینیئر رہنما مرزا فخر الاسلام عالمگیر کو ملک کا نیا صدر منتخب کر لیا گیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اگرچہ صدارت بڑی حد تک ایک رسمی عہدہ ہے، لیکن مرزا عالمگیر اب سربراہِ مملکت اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے فرائض انجام دیں گے جبکہ ملک کے انتظامی اختیارات بدستور وزیراعظم اور کابینہ کے پاس ہی رہیں گے۔

سال2024 میں شیخ حسینہ کی عوامی لیگ حکومت کے خاتمے کے بعد بی این پی رواں سال فروری میں دوبارہ اقتدار میں آئی تھی۔

78 سالہ مرزا فخر الاسلام عالمگیر نے پارلیمانی ووٹنگ میں ریٹائرڈ آرمی کرنل، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین اور جماعت اسلامی کی قیادت میں 11 جماعتی اپوزیشن اتحاد کے امیدوار اولی احمد کو شکست دی۔

واضح رہے کہ رواں سال  12 فروری کے عام انتخابات جیتنے کے بعد بی این پی اور اس کے اتحادیوں کو پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے۔

یہ صدارتی انتخاب سابق صدر محمد شہاب الدین کے گزشتہ ماہ اپنی 5 سالہ مدت پوری ہونے سے قبل ہی خرابیِ صحت کی بنا پر مستعفی ہونے کے باعث عمل میں آیا۔