شفا ہسپتال کے باہر بیریئرز لگ گئے، اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ
اڈیالہ جیل کے اطراف دکانیں اور اسٹریٹ لائٹس بند: شفاء ہسپتال کے باہر ڈیڑھ کلومیٹر دور بیریئرز قائم، صحافیوں کو پیچھے دھکیل دیا گیا۔
غیر معمولی اقدامات کے باعث جیل اور ہسپتال کے قریبی علاقوں میں شدید خوف و ہراس اور سنسنی پھیل گئی ہے۔
اسلام آباد: عمران خان کی اسپتال منتقلی کی تیاریوں کے باعث شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد اور اڈیالہ جیل راولپنڈی کے اطراف میں سیکیورٹی کی صورتحال انتہائی سخت کر دی گئی،پولیس نے غیر معمولی اقدامات کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے اطراف تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلے پر ہنگامی بنیادوں پر بیریئرز لگا کر علاقے کو سیل کر دیا ہے۔ اس موقع پر پولیس کوریج کے لیے موجود میڈیا نمائندوں کو بھی بیریئرز سے پیچھے دھکیلتی رہی اور ہسپتال کے قریب جانے سے روک دیا گیا۔
دوسری جانب اڈیالہ جیل کے اطراف میں بھی سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل کے قریبی علاقوں، مارکیٹوں اور تمام دکانوں کو بستی سے بند کرا دیا گیا ہے، جبکہ رات کے اوقات میں سیکیورٹی کو مزید سخت بنانے کے لیے اطراف کی اسٹریٹ لائٹس بھی بند کر دی گئی ہیں۔ ان غیر معمولی اقدامات کے باعث جیل اور ہسپتال کے قریبی علاقوں میں شدید خوف و ہراس اور سنسنی پھیل گئی ہے۔