داتا گنج بخش کے مزار پر مسجد نبویؐ کی طرز پر ہائیڈرولک چھتریاں نصب کرنے کا فیصلہ
منصوبے کا پی سی ون (PC-1) مکمل طور پر تیار، ابتدائی تخمینہ 650 ملین (ساڑھے 60 کروڑ) روپے لگایا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور : حکومت پنجاب نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار پر زائرین کو دھوپ اور بارش سے بچانے کے لیے مسجد نبوی شریف میں نصب الیکٹرک چھتریوں کی طرز پر جدید ہائیڈرولک چھتریاں نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایوان کو بتایا گیا کہ اس اہم منصوبے کا پی سی ون (PC-1) مکمل طور پر تیار کر لیا گیا ہے، جس کا ابتدائی تخمینہ 650 ملین (ساڑھے 60 کروڑ) روپے لگایا گیا ہے۔ اسمبلی کو آگاہ کیا گیا کہ جس جرمن کمپنی نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم کے حرم میں یہ چھتریاں نصب کی تھیں، اسی کمپنی سے رابطہ قائم کیا جا رہا ہے تاکہ وہی معیار اور ٹیکنالوجی یہاں بھی برقرار رکھی جا سکے۔
ایوان میں پوچھے گئے ایک ضمنی سوال کے جواب میں حکومت کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی کہ پہلے مرحلے میں داتا گنج بخشؒ کے مزار پر چھتریوں کی تنصیب کے بعد بابا فرید الدین گنج شکرؒ سمیت صوبے بھر کے دیگر اہم مزارات پر بھی زائرین کو سایہ فراہم کرنے کے لیے یہ چھتریاں مرحلہ وار لگائی جائیں گی۔