امریکی پابندیاں پہلے بھی ناکام ہوئیں، نئی پابندیوں کا بھی یہی انجام ہوگا:عباس عراقچی
امریکا کی جانب سے ایران پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کوئی نئی بات نہیں۔ ان کے مطابق ماضی میں بھی واشنگٹن نے پابندیوں کو انتہائی سخت قرار دیا تھا
فائل فوٹو
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کی جانب سے نئی پابندیوں کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران امریکی دباؤ اور اقتصادی پابندیوں کا سامنا پہلے بھی کرچکا ہے اور ماضی میں یہ حکمت عملی ناکام رہی ہے۔
عباس عراقچی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ امریکا کی جانب سے ایران پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کوئی نئی بات نہیں۔ ان کے مطابق ماضی میں بھی واشنگٹن نے پابندیوں کو انتہائی سخت قرار دیا تھا، لیکن مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے گزشتہ برسوں میں امریکا کی جانب سے اختیار کی گئی زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے اسے بھی ناکام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے سامنے غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا، تاہم یہ کوشش بھی کامیاب نہیں ہوئی۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ امریکا کی پالیسی میں الفاظ اور حکمت عملی کے انداز تبدیل ہوسکتے ہیں، لیکن ایران پر دباؤ ڈال کر اسے اپنے مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش پرانی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے امریکی پابندیوں سے متعلق نئی دھمکی کو ماضی کی پالیسیوں کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران ایسی صورتحال پہلے بھی دیکھ چکا ہے اور نئی اقتصادی کارروائی بھی ناکامی سے دوچار ہوگی۔