سرجری کی دنیا میں انقلاب، روبوٹ نے پہلا خودکار آپریشن کرلیا

ڈاکٹرز نے روبوٹس کو دور بیٹھ کر نگرانی اور ریموٹ کنٹرول کے ذریعے ہدایات فراہم کیں،

August 22, 2026 · چشم حیرت
فائل فوٹو

فائل فوٹو

طبی شعبے میں روبوٹک سرجری کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں امریکا کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، سان ڈیاگو میں روبوٹس نے پہلی مرتبہ جانور کی سرجری کا کامیاب تجربہ کیا۔

تحقیق کے مطابق دو روبوٹس نے مل کر ایک جانور کی خراب تلی نکالنے کا پیچیدہ آپریشن مکمل کیا۔ اس دوران ڈاکٹرز نے روبوٹس کو دور بیٹھ کر نگرانی اور ریموٹ کنٹرول کے ذریعے ہدایات فراہم کیں، تاہم سرجری کے اہم مراحل روبوٹس نے خود انجام دیے۔

محققین کا کہنا ہے کہ اس کامیاب تجربے سے مستقبل میں روبوٹک سرجری کے مزید خودکار ہونے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ ماہرین اب اسی ٹیکنالوجی کو انسانی سرجری میں استعمال کرنے کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

تحقیق سے وابستہ ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت میں ہونے والی پیش رفت کے نتیجے میں آنے والے برسوں میں ایسے روبوٹس تیار کیے جاسکتے ہیں جو ڈاکٹر کی مسلسل براہِ راست مداخلت کے بغیر پیچیدہ طبی طریقۂ کار انجام دینے کے قابل ہوں۔

تاہم ماہرین کے مطابق انسانی سرجنوں کی مہارت، نگرانی اور طبی فیصلوں کی اہمیت برقرار رہے گی، جبکہ روبوٹک نظام کو محفوظ اور مؤثر بنانے کے لیے مزید تجربات اور تحقیق کی ضرورت ہوگی۔

یہ تحقیق معروف سائنسی جریدے نیچر میں شائع کی گئی ہے۔