پاکستان اور ملائیشیا کا سیکیورٹی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق
دونوں ممالک کے درمیان روابط مشترکہ اقدار، ثقافت، باہمی احترام اور عوامی تعلقات پر استوار ہیں۔
فوٹو سوشل میڈیا (ایکس)
اسلام آباد: ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن رضا نقوی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون، انسداد دہشت گردی، منشیات کی روک تھام، انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل مکانی کے خلاف مشترکہ اقدامات کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ اپنے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان روابط مشترکہ اقدار، ثقافت، باہمی احترام اور عوامی تعلقات پر استوار ہیں۔
ملاقات میں داخلی سلامتی، امیگریشن اور قانونی و عدالتی امور میں دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کو بھی سراہا گیا۔ اس کے علاوہ دوطرفہ تجارت میں اضافے اور پاکستانی مصنوعات کے لیے ملائیشین مارکیٹ تک رسائی بہتر بنانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملائیشین وزیر داخلہ نے بتایا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے سفارتی تعلقات کو 2026 میں 69 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت پاکستان کے مختلف شہروں اور ملائیشیا کے درمیان ہفتہ وار 14 پروازیں چل رہی ہیں، جبکہ فضائی رابطوں میں مزید اضافے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
دوسری جانب ملائیشیا کے وفد نے وزارت داخلہ میں محسن رضا نقوی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔ فریقین نے انسداد دہشت گردی، منشیات کے خاتمے، غیر قانونی امیگریشن اور سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
مذاکرات میں کوسٹ گارڈز کے شعبے میں تجربات کے تبادلے، تربیتی پروگراموں اور دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں وزرائے داخلہ نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں دونوں وزارتوں کے درمیان تعاون کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس سلسلے میں پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد ملائیشیا کا دورہ کرے گا۔
پاکستان اور ملائیشیا نے دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی نیشنل پولیس اکیڈمی اور رائل ملائیشین پولیس کالج کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
محسن رضا نقوی نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے کوسٹ گارڈ کے تجربات سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملائیشین وزیر داخلہ کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ملاقات میں سیاحت کے فروغ، ویزا سہولیات میں آسانی اور پاکستانی شہریوں کے لیے قانونی روزگار کے مواقع بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستانی حکام نے ملائیشیا میں پاکستانیوں کے لیے ورک کوٹے میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔ فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سیکیورٹی، تجارت، سیاحت، تربیت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔