موبائل فون کا جھگڑا خاندان کو لے ڈوبا،نوجوان اور والدین پہاڑی سے گر کر ہلاک

19 سالہ کنال چندواڈے کا گھر میں موبائل فون کے معاملے پر اپنے والد سے مبینہ طور پر جھگڑا ہوا، جس کے بعد وہ ایک پہاڑی پر چڑھ گیا۔

August 22, 2026 · بام دنیا
فوٹو: سوشل میڈیا (ایکس)

فوٹو: سوشل میڈیا (ایکس)

بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک افسوسناک واقعے کے دوران نوجوان اور اس کے والدین جان کی بازی ہار گئے، جبکہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 19 سالہ کنال چندواڈے کا گھر میں موبائل فون کے معاملے پر اپنے والد سے مبینہ طور پر جھگڑا ہوا، جس کے بعد وہ ایک پہاڑی پر چڑھ گیا۔

رپورٹس کے مطابق اہل خانہ، مقامی افراد اور گاؤں کے سرپنچ نے نوجوان کو واپس لانے کی کوشش کی اور تقریباً تین گھنٹے تک اسے سمجھاتے رہے۔ سامنے آنے والی ویڈیو میں بھی لوگوں کو نوجوان سے بات کرتے اور اسے خطرناک مقام سے پیچھے ہٹنے پر آمادہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

 

واقعے کے دوران نوجوان کے والد بھی اسے محفوظ مقام پر واپس لانے کے لیے پہاڑی پر پہنچے۔ بیٹے کو بچانے کی کوشش میں دونوں کا توازن بگڑ گیا اور وہ گہری کھائی میں جا گرے۔

واقعے کے بعد نوجوان کی والدہ بھی شدید صدمے کا شکار ہوئیں اور مبینہ طور پر پہاڑی سے نیچے گر گئیں۔ حادثے میں نوجوان اور اس کے دونوں والدین جاں بحق ہوگئے۔

پولیس اور امدادی اہلکاروں نے دشوار گزار مقام سے لاشیں نکال کر ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیں۔

واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پولیس نے واقعے کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔