سپریم کورٹ نے ڈاکٹر عظمیٰ خان کی توہینِ عدالت درخواست کو نمبر الاٹ کردیا

سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود عمران خان کو علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔درخواست میں مؤقف

August 22, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خان کی جانب سے دائر کی گئی توہینِ عدالت کی درخواست کو نمبر الاٹ کردیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود عمران خان کو علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔ درخواست گزار کی جانب سے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے کو توہینِ عدالت قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کے عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اور رش سے متعلق پیش کیے گئے جواز درست نہیں تھے اور اڈیالہ جیل سے شفا اسپتال جانے والا قافلہ بغیر کسی رکاوٹ کے وہاں پہنچا تھا۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ معاملہ اب سپریم کورٹ کے سامنے ہے اور انہیں امید ہے کہ درخواست کی سماعت اسی بینچ کے سامنے ہوگی جس نے عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق اصل حکم جاری کیا تھا۔

سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم اور حامیوں کی موجودگی بھی دیکھی گئی۔

درخواست پر آئندہ کارروائی اور سماعت کی تاریخ سے متعلق عدالت کی جانب سے مزید پیش رفت کا انتظار ہے۔