میر رضا قتل کیس،بہن کے مشکوک معاملات سے متعلق اہم انکشافات

خاندان کو فراہم کی گئی پولیس سیکیورٹی اچانک واپس لے لی گئی۔ درخواست پر ایک اہلکار تعینات کیا گیا تھا، تاہم بعد میں خاندان کو اطلاع دیے بغیر سیکیورٹی ختم کردی گئی۔

August 22, 2026 · قومی

کراچی: نوجوان تاجر میر رضا کے قتل کیس کی تحقیقات مختلف پہلوؤں سے جاری ہیں، جبکہ مقتول کی بہن نے اپنے ویڈیو بیان میں خاندان کی سیکیورٹی اور مبینہ مشکوک سرگرمیوں سے متعلق اہم سوالات اٹھائے ہیں۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کے آخری لمحات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے اور اسے سامنے لانے کے معاملے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ڈی آئی جی عامر فاروقی نے فوٹیج جاری کرنے کے امکان کا اظہار کیا تھا، تاہم تاحال یہ ویڈیو منظر عام پر نہیں آئی۔

ذرائع کے مطابق میر رضا کا ابتدائی پوسٹ مارٹم کرنے والے ایم ایل او ڈاکٹر اسامہ شیخ سے بھی تفتیش کی گئی ہے، جبکہ ان کا موبائل فون فرانزک جانچ کے لیے تحویل میں لیا گیا ہے۔

تحقیقاتی ٹیم نے پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید سے بھی پوسٹ مارٹم رپورٹس کے حوالے سے معاونت حاصل کی۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے رپورٹس میں استعمال ہونے والی طبی اصطلاحات کی وضاحت کی اور تفتیشی ٹیم کے سوالات کے جوابات دیے۔

دوسری جانب اہلخانہ نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر میر رضا کے آخری لمحات کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کے پاس موجود ہے تو اسے خاندان کے ساتھ کیوں شیئر نہیں کیا گیا۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا کے کاروباری شراکت دار کو بھی ممکنہ طور پر شاملِ تفتیش کیا جا سکتا ہے۔

ادھر میر رضا کی بہن نے دعویٰ کیا ہے کہ خاندان کو فراہم کی گئی پولیس سیکیورٹی اچانک واپس لے لی گئی۔ ان کے مطابق درخواست پر ایک اہلکار تعینات کیا گیا تھا، تاہم بعد میں خاندان کو اطلاع دیے بغیر سیکیورٹی ختم کردی گئی۔

مقتول کی بہن نے مزید دعویٰ کیا کہ خاندان کی گاڑی کا مشکوک گاڑیوں کی جانب سے تعاقب بھی کیا گیا۔ ان کے مطابق ایک موقع پر دو گاڑیاں ان کے والد کی گاڑی کے پیچھے آ رہی تھیں، جس پر انہوں نے راستہ تبدیل کیا۔

خاندان کے مطابق پولیس کو اطلاع دینے کے بعد پولیس موبائل موقع پر پہنچی۔ پولیس کی جانب سے ان دعوؤں اور دیگر شواہد کی روشنی میں تحقیقات جاری ہیں۔

میر رضا قتل کیس میں پوسٹ مارٹم رپورٹس، سی سی ٹی وی فوٹیج، ممکنہ کاروباری روابط اور دیگر شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔