کینیڈا کا امریکا پر 50 فیصد جوابی ٹیرف لگانے کا اعلان

تجارتی تنازع کے باعث شمالی امریکا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان تعلقات اور باہمی تجارت پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے بھی تشویش بڑھ رہی ہے۔

August 23, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی مذاکرات کسی معاہدے کے بغیر ختم ہوگئے، جس کے بعد کینیڈا نے امریکی مصنوعات پر 50 فیصد جوابی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کردیا۔

کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی کے مطابق امریکا کے ساتھ تجارتی مذاکرات ختم کردیئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی اشیا پر اسی شرح کے مطابق جوابی ٹیرف عائد کیا جائے گا، جبکہ مذاکرات کے آخری مرحلے میں امریکی شرائط میں تبدیلی کو کینیڈا نے غیر منصفانہ اور ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

دوسری جانب امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے مذاکرات کی ناکامی کی ذمہ داری کینیڈا پر عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کینیڈین حکام معاہدے میں طے شدہ شرائط سے پیچھے ہٹ گئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکا کی جانب سے کینیڈین مصنوعات پر عائد 50 فیصد ٹیرف پہلے ہی نافذ ہوچکا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

تجارتی تنازع کے باعث شمالی امریکا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان تعلقات اور باہمی تجارت پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے بھی تشویش بڑھ رہی ہے۔