ایرانی ہیکرز کا برطانوی توانائی مرکز پر سائبر حملہ، 4 روز تک نظام بند رہا

واقعہ گزشتہ ماہ پیش آیا، تاہم سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر متاثرہ توانائی مرکز کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

August 23, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

برطانیہ میں ایک چھوٹے توانائی مرکز کو مبینہ طور پر ایرانی حکومت سے منسلک ہیکرز کے سائبر حملے کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں تنصیب تقریباً چار روز تک بند رہی۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق واقعہ گزشتہ ماہ پیش آیا، تاہم سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر متاثرہ توانائی مرکز کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سائبر حملے کے بعد مرکز کا عملہ کئی روز تک نظام کی بحالی میں مصروف رہا۔ برطانوی حکام نے واقعے سے متعلق توانائی کے شعبے سے وابستہ اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا جبکہ قومی سائبر سیکیورٹی اداروں کو بھی اس حملے کی اطلاع دی گئی۔

حکام کے مطابق متاثرہ مرکز حجم کے اعتبار سے نسبتاً چھوٹا تھا، اس لیے اس کی بندش سے برطانیہ کی مجموعی بجلی پیداوار یا قومی گرڈ پر کوئی بڑا اثر نہیں پڑا۔

برطانوی حکام اور سائبر سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ حملے کا مقصد ممکنہ طور پر بڑے پیمانے پر بجلی کی فراہمی معطل کرنا نہیں تھا۔ ان کے مطابق واقعے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ایرانی حکومت سے وابستہ سائبر گروپس برطانیہ کے حساس انفرااسٹرکچر تک رسائی حاصل کرنے اور اہم نظام کو عارضی طور پر متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران سے منسلک سائبر گروپس پر امریکا سمیت مختلف ممالک کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے الزامات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق برطانیہ کے اہم انفرااسٹرکچر کو سائبر حملوں سے لاحق خطرات کے بارے میں پہلے ہی خبردار کیا جاتا رہا ہے، تاہم برطانوی توانائی کے کسی مرکز کو مکمل طور پر بند کرنے سے متعلق اس نوعیت کا واقعہ خاص اہمیت رکھتا ہے۔