انصار اللہ باب المندب بند کرنے کیلئے تیارہے،حزب اللہ کا دعویٰ

موجودہ حالات میں مزاحمتی گروپ نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاسی عمل کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

August 23, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی درخواست پر انصار اللہ آبنائے باب المندب کو بند کرنے کے لیے تیار ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق حزب اللہ کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں مزاحمتی گروپ نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاسی عمل کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حزب اللہ کے مطابق باب المندب سے متعلق کسی بھی اقدام کا مقصد اپنے سیاسی اور مزاحمتی اہداف کے حصول میں دباؤ بڑھانا ہے۔ تنظیم نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے کسی بھی پیش قدمی کا جواب زمینی صورتحال اور آئندہ ہونے والی پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے دیا جائے گا۔

حزب اللہ نے اپنے بیان میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ فوری ردعمل نہ دینے کو کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے اور مزاحمتی محاذ اب بھی اپنی طاقت برقرار رکھتا ہے۔

دوسری جانب ایران کے پارلیمانی اسپیکر محمد باقر قالیباف نے بھی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ اپنے رابطوں کا اعتراف کیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قالیباف نے کہا کہ وہ 1985 سے لبنان سے متعلق معاملات میں دلچسپی رکھتے ہیں اور وہاں موجود بعض جنگجوؤں سے ان کا رابطہ اب بھی برقرار ہے۔

قالیباف نے امریکا اور ایران کے درمیان اختلافات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن ایران کے میزائل اور جوہری پروگرام کے ساتھ ساتھ خطے میں مزاحمتی گروہوں سے متعلق پالیسی میں تبدیلی کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔

ایرانی اسپیکر کے مطابق لبنان اور خطے سے متعلق معاملات بھی ایران کے لیے اہم ہیں اور تہران اپنی علاقائی پالیسی کو قومی مفادات اور موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھا رہا ہے۔

حزب اللہ اور انصار اللہ سے متعلق یہ دعوے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی برقرار ہے اور بحیرہ احمر، آبنائے باب المندب اور خطے کے دیگر اہم سمندری راستوں کی سکیورٹی عالمی سطح پر بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔