راولپنڈی میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے 36 ارب روپے کا منصوبہ منظور

منصوبہ مکمل ہونے کے بعد راولپنڈی شہر اور کینٹ کے علاقوں کو روزانہ 35 ملین گیلن اضافی صاف پانی فراہم ہونے کی توقع ہے۔

August 23, 2026 · اہم خبریں, قومی

راولپنڈی میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے 36 ارب روپے کا منصوبہ منظور

پنجاب حکومت نے راولپنڈی کے شہریوں کو صاف اور محفوظ پانی فراہم کرنے کے لیے ایک بڑے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ منصوبے کے تحت دادوچہ ڈیم پر سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور پانی کی فراہمی کا نیا نظام تعمیر کیا جائے گا۔

منصوبہ مکمل ہونے کے بعد راولپنڈی شہر اور کینٹ کے علاقوں کو روزانہ 35 ملین گیلن اضافی صاف پانی فراہم ہونے کی توقع ہے۔ منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 36 ارب روپے بتائی گئی ہے جبکہ اسے دسمبر 2029 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

کمشنر راولپنڈی کے مطابق دادوچہ ڈیم سے حاصل ہونے والے پانی کو ٹریٹمنٹ کے بعد سپلائی لائن میں شامل کیا جائے گا، جس سے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔

منصوبے کے تحت دادوچہ ڈیم سے راولپنڈی تک تقریباً 28 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن بھی بچھائی جائے گی۔ اس کے علاوہ واٹر فلٹریشن پلانٹ اور شہر و کینٹ کے مختلف علاقوں تک پانی پہنچانے کے لیے ڈسٹریبیوشن نیٹ ورک تعمیر کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق دادوچہ ڈیم کی تعمیر کا کام تقریباً 92 فیصد مکمل ہوچکا ہے اور پنجاب اریگیشن ڈیپارٹمنٹ کی نگرانی میں باقی کام جاری ہے۔

منصوبے کے تحت راولپنڈی شہر سے متعلق تقریباً 18 ارب روپے کے اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی، جبکہ کینٹ کے علاقے کے لیے مختص مزید 18 ارب روپے کے اخراجات کی ذمہ داری وفاقی یا پنجاب حکومت کی جانب سے پوری کیے جانے کی بات کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے راولپنڈی میں پانی کی دستیابی بہتر ہوگی اور شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے نظام میں نمایاں بہتری آنے کی امید ہے۔