ایران کو کمزور کرنے کی کوشش ناکام، مزاحمت نے دنیا کو حیران کردیا:ایرانی صدر
حکومت کی کوشش ہے کہ موجودہ چیلنجز کے دوران معاشرے میں اتحاد اور یکجہتی کو برقرار رکھا جائے اور ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو ملک میں مزید تقسیم کا باعث بنیں۔
فائل فوٹو
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت معاشی، عسکری اور سکیورٹی سمیت مختلف محاذوں پر شدید دباؤ کا سامنا ہے۔
ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے خطاب میں ایرانی صدر نے کہا کہ ایران کو ایک ایسے ملک میں تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی جو بیرونی دباؤ کے سامنے کمزور ہو جائے، تاہم ایرانی قوم نے مزاحمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی قوت کا اظہار کیا۔
مسعود پزشکیان کے مطابق ایران کے مخالفین کی کوشش ہے کہ مشکلات کو بڑھا کر ایرانی معاشرے میں اختلافات اور تقسیم پیدا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں قومی اتحاد کو برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے۔
ایرانی صدر نے عوام اور ریاستی اداروں پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات، تنازعات اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک کے مفاد کو ترجیح دیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ موجودہ چیلنجز کے دوران معاشرے میں اتحاد اور یکجہتی کو برقرار رکھا جائے اور ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو ملک میں مزید تقسیم کا باعث بنیں۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران کو درپیش موجودہ حالات میں قومی یکجہتی اور باہمی تعاون کے ذریعے مشکلات کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔