اسحاق ڈار کا کل سے 28 اگست تک برطانیہ کا سرکاری دورہ کریں گے
اسحاق ڈار اپنے دورے کے دوران برطانوی وزیر خارجہ ایڈملی بینڈ اور وزیر مملکت اسٹیفن ڈوٹی سے ملاقات کریں گے۔
فائل فوٹو
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کل سے 28 اگست تک برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہوں گے، جہاں وہ برطانوی حکام اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار اپنے دورے کے دوران برطانوی وزیر خارجہ ایڈملی بینڈ اور وزیر مملکت اسٹیفن ڈوٹی سے ملاقات کریں گے۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم برطانوی حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ان ملاقاتوں میں مختلف باہمی اور علاقائی امور کے علاوہ صومالی قزاقوں کے قبضے میں موجود آئل ٹینکر کا معاملہ بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار دولت مشترکہ کے سیکرٹری جنرل شرلی آئیکوربوچوے سے بھی ملاقات کریں گے اور دولت مشترکہ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم برطانوی ارکان پارلیمنٹ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور دیگر اہم معاملات پر بھی گفتگو کریں گے۔
دورے کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور دیگر مشترکہ دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔