نواز شریف نے عمران خان کا علاج نہیں ہونے دیا،سہیل آفریدی
گولی اور بندوق سے نہیں ڈریں گے،حقیقی آزادی لینی ہے یا شہادت قبول کرنی ہے،اسٹریٹ موومنٹ سے خطاب
فائل فوٹو
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 27 ستمبر کو 40 لاکھ لوگ اپنا مقدمہ لڑنے کے لیے نکلیں گے، اس بار خالی ہاتھ واپس نہیں آئیں گے، 27 ستمبر کو انقلاب ہوگا، ہم 27 ستمبر کو نکلیں گے، گولی اور بندوق سے نہیں ڈریں گے، ہم نے حقیقی آزادی لینی ہے یا شہادت قبول کرنی ہے، تیسرا کوئی راستہ نہیں، جعلی حکمرانوں کو آئین و قانون کا کوئی ڈر نہیں، یہ خود کو آئین سے بالاتر سمجھتے ہیں، ہم نے ان حق پرست ججز کا ساتھ دینا ہے جو انصاف کرتے ہیں اور عوامی امنگوں پر پورا اترتے ہیں، عمران خان عوامی طاقت سے باہر آئیں گے، وہ نوجوانوں کے لیڈر ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ جس طرح عمران خان قربانی دے رہے ہیں، اسی طرح ہم بھی قربانی دینے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہمیں کوئی ایک انچ بھی اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا، کچھ لوگ آپ کو ڈائیورٹ کرنے کی کوشش کریں گے، مگر آپ نے ڈائیورٹ نہیں ہونا، ہم نے اس شخص کا ساتھ دینا ہے جس نے بیرونی غلامی کے خلاف ایبسلوٹلی ناٹ کہا، عمران خان واحد لیڈر ہیں جو اس ملک کو بچا سکتے ہیں، معیشت بہتر کر سکتے ہیں اور ملک کو حقیقی خودمختاری دے سکتے ہیں، عمران خان قومی یکجہتی کی ضمانت ہیں، وہی اداروں کی عزت بحال کرا سکتے ہیں، عمران خان ہماری آئندہ نسلوں کے لیے قربانی دے رہے ہیں، ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم عمران خان کے لیے نکلیں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ایک ہی ملک میں طاقتور کے لیے الگ قانون اور کمزور کے لیے الگ قانون، یہ ہم نہیں ہونے دیں گے، ان چوروں، لٹیروں نے پاکستان کے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا ہے، حکمران عوام کے خون پسینے کی کمائی کھا رہے ہیں، انہوں نے 5300 ارب روپے کی کرپشن کی ہے، موجودہ حکمران ملک کی بنیادیں کھوکھلی کر رہے ہیں، ہم ہر اس فیصلے سے باغی ہیں جو عوام کے حق میں نہ ہو۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ میں جہاں بھی جاتا ہوں تو وہاں 90 فیصد سے زیادہ نوجوان ہوتے ہیں، ہمارے نوجوان کاکروچ نہیں، اقبال کے شاہین ہیں، نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، انہوں نے ہی ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے اور فیصلے کرنے ہیں۔