ایران کیخلاف جنگ نے امریکا پر اربوں ڈالر کا بوجھ ڈال دیا
امریکی فوجی کارروائیوں پر روزانہ تقریباً 2 ارب ڈالر خرچ ہو رہے ہیں، جبکہ بالواسطہ اخراجات کا تخمینہ مزید 3 ارب ڈالر یومیہ لگایا گیا ہے۔
فائل فوٹو
ایران کے سابق نائب وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی جنگ پر واشنگٹن کے براہِ راست اور بالواسطہ اخراجات روزانہ تقریباً 5 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق سابق ایرانی نائب وزیر خارجہ نے اپنے دعوے کی بنیاد ہارورڈ کینیڈی اسکول سے منسوب ایک رپورٹ کو بنایا ہے۔ ان کے مطابق امریکی فوجی کارروائیوں پر روزانہ تقریباً 2 ارب ڈالر خرچ ہو رہے ہیں، جبکہ بالواسطہ اخراجات کا تخمینہ مزید 3 ارب ڈالر یومیہ لگایا گیا ہے۔
رپورٹ سے منسوب دعوے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تنازع کے باعث امریکا کو روزانہ تقریباً 8 ارب ڈالر کے ممکنہ معاشی فوائد سے محرومی کا سامنا ہے، جس کے اثرات امریکی عوام سمیت دیگر متعلقہ معاشروں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
سابق ایرانی عہدیدار نے مزید کہا کہ ایران کی تیل کی تجارت پر دباؤ اور اس میں مداخلت کے حوالے سے امریکا کے اقدامات پر مختلف ممالک کے تحفظات موجود ہیں۔ ان کے مطابق بعض ممالک باضابطہ طور پر اعلان کیے بغیر ایران کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی روابط برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ جاری تنازع نے امریکا اور بعض مغربی ممالک پر اضافی معاشی دباؤ پیدا کیا ہے۔