پنجاب میں دفعہ 144 کی پابندیوں میں مزید 30 روز کی توسیع
ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
فائل فوٹو
پنجاب حکومت نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 کے تحت عائد پابندیوں میں مزید 30 روز کی توسیع کردی ہے۔ اس فیصلے کے تحت کھلی جگہوں پر ڈرون اڑانے پر پابندی برقرار رہے گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق موجودہ سکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بیرونی مقامات پر ڈرون آپریشنز کی پابندی میں توسیع کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نئے نوٹیفکیشن کے مطابق ہالز اور مارکیز میں ہونے والی تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی۔ تاہم اندرونی مقامات پر ڈرون کے محفوظ استعمال کی تمام تر ذمہ داری تقریب کے منتظمین پر ہوگی۔
حکومت کے مطابق دفعہ 144 کے تحت عائد پابندیوں کا اطلاق انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر نہیں ہوگا۔ یہ ادارے اپنے سرکاری اور آپریشنل امور کے لیے ڈرون استعمال کرسکیں گے۔
محکمہ داخلہ نے مخصوص مقاصد کے لیے ڈرون کے استعمال کی اجازت دینے کے لیے ضلعی سطح پر ’’سیف ڈرون یوزیج کمیٹی‘‘ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
کمیٹی کی تحریری منظوری کے بعد زرعی، آبپاشی، تحقیقی اور دیگر منظور شدہ سرگرمیوں کے لیے ڈرون استعمال کرنے کی اجازت دی جاسکے گی۔