کھانے کی تیاری پر جھگڑا، فرائنگ پین کے وار سے شوہر کی موت
پولیس نے خاتون کو حراست میں لے کر واقعے میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والا فرائنگ پین بھی قبضے میں لے لیا
فائل فوٹو
مصر کے شہر اسکندریہ میں کھانا تیار کرنے کے معاملے پر میاں بیوی کے درمیان ہونے والا جھگڑا افسوسناک واقعے میں تبدیل ہوگیا، جہاں خاتون کے مبینہ حملے میں 65 سالہ شوہر جان کی بازی ہار گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق گھر میں کھانا بنانے کے معاملے پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ بحث شدت اختیار کرنے پر خاتون نے مبینہ طور پر فرائنگ پین سے شوہر کے سر پر وار کیا، جس کے بعد وہ شدید زخمی ہوکر گر گیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمی شخص کو طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
پولیس نے خاتون کو حراست میں لے کر واقعے میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والا فرائنگ پین بھی قبضے میں لے لیا۔ متوفی کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردیا گیا ہے۔
استغاثہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ فرانزک معائنے کا بھی حکم دیا گیا ہے تاکہ موت کی اصل وجہ اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا تعین کیا جاسکے۔
حکام کے مطابق واقعے سے متعلق مزید حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔