کلرکہار:موٹروے ریسٹ ایریا میں لینڈ کروزر سے شخص کی لاش برآمد

گاڑی کے تمام شیشے اور دروازے اندر سے لاک تھے، جس کے باعث پولیس نے واقعے میں خودکشی کا شبہ ظاہر کیا ہے۔

August 24, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

چکوال کے کلرکہار موٹروے ریسٹ ایریا میں ایک لینڈ کروزر گاڑی سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، تاہم تاحال متوفی کی شناخت اور واقعے کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

اطلاع ملنے پر موٹروے پولیس اور متعلقہ پولیس حکام موقع پر پہنچے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق گاڑی کے تمام شیشے اور دروازے اندر سے لاک تھے، جس کے باعث پولیس نے واقعے میں خودکشی کا شبہ ظاہر کیا ہے۔

ابتدائی طور پر یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ گاڑی میں موجود شخص نے مبینہ طور پر خود کو گولی ماری، تاہم اس حوالے سے پولیس کی حتمی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

حکام نے گاڑی سے لاش نکال کر ضروری قانونی کارروائی شروع کردی ہے، جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم اور دیگر شواہد کی روشنی میں موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جائے گا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ متوفی کی شناخت اور دیگر تفصیلات بھی معلوم کی جا رہی ہیں۔