کیٹی بندر کی ترقی کیلئے صدر زرداری نے اہم ہدایات جاری کردیں
سڑکوں کے بہتر اور قابلِ اعتماد رابطے، بجلی و پانی کی فراہمی، صنعتی بنیادی ڈھانچے اور دیگر ضروری سہولیات کی دستیابی بھی یقینی بنائی جائے۔
فائل فوٹو
کراچی: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کیٹی بندر کی ترقی کے لیے جامع اور مربوط منصوبہ بندی اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔
صدر مملکت نے کہا کہ کیٹی بندر کے ترقیاتی منصوبے کے ساتھ سڑکوں کے بہتر اور قابلِ اعتماد رابطے، بجلی و پانی کی فراہمی، صنعتی بنیادی ڈھانچے اور دیگر ضروری سہولیات کی دستیابی بھی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کیٹی بندر کو پاکستان کے ایک اضافی بحری راستے اور تجارتی مرکز کے طور پر ترقی دینے سے ملک کے بندرگاہی اور رسد کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔
صدر آصف زرداری نے انڈس ڈیلٹا کے ماحولیاتی تحفظ کو بھی خصوصی اہمیت دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں مقامی ماہی گیر برادری کے مفادات، روزگار اور معاشی ضروریات کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
واضح رہے کہ چینی کمپنی سی ایچ ای سی کی جانب سے کیٹی بندر پورٹ کا ابتدائی ماسٹر پلان پیش کیا جا چکا ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی ابتدائی انجینئرنگ لاگت تقریباً 52 کروڑ 23 لاکھ ڈالر بتائی گئی ہے۔