گریڈ 17 سے 21 کے افسران کی مفت بجلی سہولت ختم کردی گئی

افسران کو مفت بجلی کے یونٹس فراہم کرنے کے بجائے 30 روپے فی یونٹ کے حساب سے متبادل رقم ادا کی جائے گی۔

August 24, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: حکومت نے پاور سیکٹر کے افسران کو حاصل مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کے بعد گریڈ 17 سے 21 تک افسران کو اس کے بدلے ماہانہ بجلی الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق افسران کو مفت بجلی کے یونٹس فراہم کرنے کے بجائے 30 روپے فی یونٹ کے حساب سے متبادل رقم ادا کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق گریڈ 17 کے افسران کو 450 یونٹس کے عوض 15 ہزار 858 روپے، گریڈ 18 کے افسران کو 600 یونٹس کے بدلے 21 ہزار 990 روپے ادا کیے جائیں گے۔

اسی طرح گریڈ 19 کے افسران کے لیے 880 یونٹس کے بجائے 37 ہزار 594 روپے، گریڈ 20 کے افسران کو 1100 یونٹس کی جگہ 46 ہزار 992 روپے جبکہ گریڈ 21 کے افسران کو 55 ہزار 536 روپے ماہانہ الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاور سیکٹر کے افسران کو مفت بجلی کی فراہمی کا سلسلہ ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ختم کیا گیا ہے۔

مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کے حوالے سے وزارتِ پاور ڈویژن نے متعلقہ حکام کو باقاعدہ مراسلہ بھی ارسال کردیا ہے۔