چین کی حیرت انگیز ایجاد، 4 کلومیٹر اونچائی پر معلق ایئر شپ سے ہوا میں بجلی کی پیداوار

فٹ بال کے میدان جتنے بڑے چینی ایئر شپ سے بجلی زمین پر کیسے پہنچے گی، مسئلے کا حل نکال لیا گیا

August 24, 2026 · چشم حیرت

چینی ایئر شپ ایس 40000 جو ہوا میں معلق رہ کر بجلی پیدا کرے گا

اب تک دنیا بھر میں زمین پر بڑی بڑی ونڈ ٹربائنز نصب کر کے بجلی بنائی جاتی رہی ہے لیکن زمینی سطح پر ہوا کا دباؤ اور رفتار ہمیشہ ایک جیسی نہیں رہتی۔ کبھی تیز اور کبھی مدہم ہوا کے باعث بجلی کی پیداوار میں تعطل کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ زیادہ تیز اور مستقل رفتار ہوا حاصل کرنے کے لیے ہزاروں میٹر بلندی پر جانے کی ضرورت تھی جہاں روایتی اسٹیل کے ٹاورز کی تعمیر ناممکن تھی۔ اسی چیلنج سے نمٹنے کے لیے چین نے S4000 ایئر شپ کی صورت میں ایک غیر معمولی حل تلاش کر لیا ہے۔

چینی انجینئرنگ کا یہ شاہکار روایتی ونڈ ملز کو فضا میں معلق کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ کوئی عام غبارہ نہیں بلکہ فٹ بال کے میدان کے برابر سائز کا ایک فضا میں اڑنے والا پاور ہاؤس ہے۔ اس فلائنگ پاور ہاؤس کے اندر خصوصی طور پر ہیلیم گیس بھری گئی ہے جو اسے کسی بھی روایتی فیول کے بغیر فضا میں بلند رکھتی ہے۔ یہ ایئر شپ 4 ہزار میٹر یعنی 13 ہزار فٹ کی بلندی پر جا کر فضا میں بالکل ساکت ہو جاتا ہے۔ اتنی بلندی پر ہوائیں زمین کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ تیز اور مستقل چلتی ہیں اور اس ایئر شپ پر نصب ہلکی پھلکی ٹربائنز ان تیز رفتار ہواؤں سے دن رات بلا تعطل بھاری مقدار میں بجلی پیدا کرتی ہیں۔

اتنی زیادہ بلندی پر پیدا ہونے والی بجلی کو زمین تک پہنچانے کے لیے ایک انتہائی جدید اور مضبوط کیبل استعمال کی گئی ہے جسے تھر کہا جاتا ہے۔ یہ خاص کیبل فولاد سے بھی زیادہ مضبوط اور وزن میں انتہائی ہلکی ہے۔ یہ نہ صرف شدید طوفانوں میں ایئر شپ کو اپنی جگہ پر قائم رکھتی ہے بلکہ ایک مین پاور لائن کے طور پر بھی کام کرتی ہے۔ فضا میں پیدا ہونے والی بجلی کو ہائی وولٹیج میں تبدیل کر کے اسی کیبل کے راستے زمینی اسٹیشن پر منتقل کیا جاتا ہے جہاں سے یہ بجلی براہِ راست شہروں کے مین پاور گرڈ کا حصہ بن جاتی ہے۔

یہ محض کوئی کاغذی یا خیالی منصوبہ نہیں ہے بلکہ چین میں اس ٹیکنالوجی کے پروٹو ٹائپس پر عملی کام کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ اس سے قبل چینی ماہرین اS2000 ماڈل کا کامیاب تجربہ کر چکے ہیں جو دو ہزار میٹر کی بلندی تک جانے کی صلاحیت رکھتا تھا۔ اب اس کامیاب تجربے کے بعد اس فیملی کے سب سے جدید اور بڑے S4000 ماڈل کو تیار کر کے اس کا مکمل فلائٹ اور پاور ٹیسٹ سائیکل کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ یہ جدید ترین سسٹم اب تجارتی سطح پر گرڈ کے ساتھ منسلک ہونے کے لیے ہر لحاظ سے تیار ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں یہ انقلابی ایجاد توانائی کی دنیا کا نقشہ مکمل طور پر بدل کر رکھ دے گی۔ ان اڑتے ہوئے پاور پلانٹس کو سمندروں، جزیروں اور ایسے دور دراز اور کٹھن پہاڑی علاقوں میں باآسانی بھیجا جا سکے گا جہاں روایتی اور مہنگے پاور پلانٹس کی تعمیر ناممکن سمجھی جاتی ہے۔ روایتی سولر پینلز کے برعکس جو صرف سورج کی روشنی میں کام کرتے ہیں، یہ ایئر شپ رات کے اوقات میں بھی اتنی ہی تیزی سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے دنیا کے پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں بھی سستی اور مستقل بجلی کی فراہمی کا خواب اب حقیقت بننے کے قریب ہے۔