پشین: سڑک کی تعمیر میں مصروف مزدوروں پر دہشت گردانہ حملہ، 4 جاں بحق، 1 زخمی
جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی لاشوں اور زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے سرانان میں دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے سڑک کی تعمیر میں مصروف 4 مزدوروں کو جاں بحق جبکہ ایک کو شدید زخمی کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مزدور سڑک کی تعمیراتی کام میں مصروف تھے کہ اچانک نامعلوم دہشت گردوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 4 مزدور موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک مزدور شدید زخمی ہو گیا۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی لاشوں اور زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔